اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے ،واقعہ کے بعد وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے فوری اقدام کو سراہتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد میں وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے فوری اقدام کو سراہتا ہوں اور یہ واقعہ یقیناً بہت افسوسناک اور شرمناک ہے جبکہ یہ واقعہ کسی بھی طرح سے مذہبی نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام ایسا مذہب ہے جس میں پر تشدد رویے کی بجائے امن اور انصاف کا پرچار کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نےبھی بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ سیالکوٹ میں فیکٹری پر دل دہلا دینے والا حملہ اور سری لنکن منیجر کو زندہ جلادینے کا واقعہ پاکستان کیلئے بڑی شرمندگی کا باعث ہے اور وہ کیس کی تحقیقات کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ اس معاملے میں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اور جو بھی لوگ واقعے میں ملوث ہیں انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں گی اور ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی۔
مشتعل افراد کا دعویٰ تھا کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔