چاند پر جھنڈا گاڑنے والا چین دنیا کا دوسرا ملک بن گیا

11:23 PM, 4 Dec, 2020

بیجنگ: چین دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے چاند پر جھنڈا گاڑ کر۔ اس سے پہلے امریکا نے 50 سال قبل چاند پر پرچم لگایا تھا اور وہ ایسا اقدام کرنے والا پہلا ملک بنا تھا۔ 

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چین کے نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں چینی پرچم کو چاند کی سطح پر ساکن کھڑا دیکھا گیا کیونکہ وہاں پر ہوا موجود نہیں ہے اور اس لئے پرچم لہرا نہیں سکتا۔ 

چینی میڈیا کے مطابق یہ تصویر چین کے غیر انسانی چاند مشن چینج فائیو خلائی جہاز سے لی گئی اور جسے چاند کی سطح سے چٹانوں کے نمونے لانے کے لئے بھیجا تھا ۔ جمعرات کے دن خلائی جہاز نے زمین پر واپسی سے قبل تصویر لی۔ 

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل دو بار چاند پر جانے والے چینی مشنز میں جھنڈٖا تو موجود تھا لیکن وہ چاند کی سطح پر نصب نہیں کیا گیا تھا بلکہ خلائی جہاز اور تحقیقاتی مشن میں استعمال ہونے والے گاڑی کی باڈی پر ہی نصب تھا۔ 

چین کے نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ چینی جھنڈے کی تنصیب اس بے چینی اور تحریک کی یاد کو تازہ کرتی ہے جو امریکا کے اپولو گیارہ مشن کے وقت محسوس ہوئی تھی۔ یہ جھںڈا کپڑے سے تیار کیا گیا اور اس کی چوڑائی دو میٹر جبکہ لمبائی نوے سینٹی میٹر ہے اور اس کا وزن ایک کلو گرام کے برابر ہے جبکہ جھنڈے کے ہر حصے کو اس طرح تیار کیا گیا کہ وہ موسمی شدت سے محفوظ رہ سکے گا۔ چین کا چینج فائیو مشن گزشتہ سات برس کے دوران تیسرا کامیاب مشن ہے جو چاند پر اترا۔

واضح رہے کہ 1969 میں اپولو گیارہ انسانی چاند مشن کے دوران امریکا چاند پر جھنڈا لگانے والا دنیا کا پہلا ملک تھا۔ 

مزیدخبریں