آکلینڈ : پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں اور کوچنگ استاف سے فیڈ بیک لیا کہ کیا دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنا چاہیئے یا نہیں جس پر کپتان بابر اعظم نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا مشورہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان سے مشورہ کیا اور ان سے پوچھا کہ ان مشکل حالات میں دورہ جاری رکھنا چاہیے جس پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں ہم اس دورے کو جاری رکھیں گے۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بھی بابر اعظم کی تائید کردی۔ کوچ اور کپتان نے اپنا فیڈ بیک پی سی بی کو بھجوا دیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ مشکل حالات ضرور ہیں مگر مزید چار دن کا قرنطینہ پورا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ٹریننگ کے خواہاں ہیں، مگر ہم صبر کیساتھ کرکٹ کا انتظار کررہے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے کپتان اور ٹیم میجنمنٹ سے اس لیے فیڈ بیک لیا کیونکہ نیوزی لیںڈ بورڈ نے قومی ٹیم کو فی الحال پریکٹس کی اجازت نہیں دی۔ پی سی بی حکام کھلاڑیوں ، کپتان ، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم میجمنٹ سے رائے لینے کے بعد دورہ کو منسوخ یا جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔