لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسےمعاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حکومتی کارکردگی کوموثرانداز سے اجاگر کرنے کی ہدایت کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فردوس عاشق اعوان کو ہدایات دیں کہ میڈیا میں پی ڈی ایم کے شر انگیز بیانیے کا بھر پور جواب دیا جائے۔ اور ساتھ ہی ریلیف، گڈ گورننس کےا قدامات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ جس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے کاموں کو اجاگر کرنے کی حکمت عملی بنالی ہے۔ معاونِ خصوصی اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سیاسی یتیم پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کے بعد کہا کہ 2 سال کےد وران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برسوں نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پنجاب سے ون مین شو کا خاتمہ کیا ہے کیونکہ ہم ہر کام مشاورت اور ایک ٹیم کے طور پر کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بروقت فیصلوں سے آٹا، چینی کی قیمتوں میں استحکام آیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کاپاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسترد عناصر کے دلوں میں دکھی انسانیت کیلئے ذرہ برابر درد نہیں۔