نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی و تحریری حکمنامہ جاری

02:04 PM, 4 Dec, 2020

اسلام آباد :ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی و تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کے معاملہ پر تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف 87 سی آر پی سی کے تحت کارروائی مکمل ہے، اس سے قبل نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔


فیصلے میں کہا گیا کہ ثبوتوں اور گواہوں کی روشنی میں نواز شریف جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کو عدالتی کارروائی کا مکمل ادراک تھا ،اس لئے نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جاتا ہے۔


اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نواز شریف کے ضامنوں کیخلاف 514 کے تحت کارروائی عمل لائے جائے گی، آئندہ سماعت پر نواز شریف کے ضامن عدالت میں پیش ہوں۔


عدالت نے نواز شریف کے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس کیس میں ضامنوںراجہ رب نواز عباسی اور سخی محمد کو شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔


یاد رہے کہ ا سلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ عدالت کی جانب سے لیگی قائد کی ضمانت دینے والوں کو نوٹسز جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا ۔


 عدالت نے میاں نواز شریف کی اپیل کی آئندہ سماعت مریم نواز کی اپیل کے ساتھ مقرر کی تھی جبکہ نواز شریف کی اپیل پر آئندہ سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

مزیدخبریں