شہباز شریف نے اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس لندن طلب کر لیا

شہباز شریف نے اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس لندن طلب کر لیا
کیپشن: Image Source: File Photo

لندن: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت کیلئے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو لندن طلب کر لیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق،  مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، ترجمان مریم اورنگزیب، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، رانا تنویر اور سابق سپیکر سردار ایاز صادق کو بھی لندن بلا لیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی بیٹھک میں اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت ہوگی۔ پارٹی رہنما نواز شریف کی تیمارداری بھی کریں گے۔

اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے قانون سازی پر بھی بات چیت ہوگی جبکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں شہباز شریف اور فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے معاملات بھی مشاورت میں زیر غور آئیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت پر قانون سازی سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں لیگی وفد کو لندن بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔