اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز کو آصف زرداری کیلئے میڈیکل بورڈ بناکر رپورٹ پیش کرنیکا حکم دیدیا

01:22 PM, 4 Dec, 2019

اسلام آباد:ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر قومی احتساب بیورو سے جواب طلب کر لیا جبکہ آصف زرداری کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے پمز کے ہیڈ کو میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کا کوئی میڈیکل بورڈ بنا، کیا کوئی تازہ رپورٹ ہے۔

وکیل استغاثہ فاروق ایچ نائیک نے بینچ کو آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت کہ جانب سے میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے عدالت کا آگاہ کیا کہ آصف زرداری کو دل کا مرض لاحق ہے۔

چیف جسٹس نے کہا پمز کے ہیڈ کو ہدایت کر دیتے ہیں کہ میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔آصف علی زرداری نے منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی اپیل کی ہے۔ فریال تالپور کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست بھی آج سنی جائے گی۔

سابق صدر نے درخواستوں میں موقف اپنایا کہ ٹرائل مکمل ہونے تک درخواست ضمانت منظور کی جائے۔فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کے کیس میں ضمانت کیلئے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ میں اسپیشل بچی کی والدہ ہوں، اس کی دیکھ بھال کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں