لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں پارک ویو سوسائٹی کے متاثرہ افراد نے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
متاثرہ افراد نے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں کہا کہ علیم خان کی پارک ویو سوسائٹی میں 2018 میں پلاٹ خریدے تاہم ابھی تک قبضہ نہیں ملا۔ اس پر عدالت نے 31 نومبر 2019 کو نیب کو احکامات جاری کیے تھے جن پر ڈی جی نیب لاہور نے 1 ماہ اور 3 دن گزرنے کے باجود عمل درآمد نہیں کیا۔
درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ علیم خان اور دیگر نے جھانسہ دے کر جعلی نقشہ جات اور ایل ڈی اے سے منظوری کے بغیر پلاٹس فروخت کیے، ہمیں سبز باغ دیکھا کر ہماری عمر بھر کی جمع پونجی لوٹ لی گئی، اب تک مذکورہ سوسائٹی میں ہزاروں افراد سے 1 ارب تک کا فراڈ کیا جا چکا ہے۔
متاثرہ افراد نے کہا کہ پلاٹوں کی تمام قسطیں جمع کروا چکے ہیں نیب کو تمام ریکارڈ بھی فراہم کر دیا ہے لیکن نیب لاہور کیجانب سے انکوائری کو التوا میں ڈال دیا گیا جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی جی نیب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔