ابوظہبی : پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نےپہلی اننگزمیں تین وکٹوں پر139رنزبنالیے ،پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کےلیے 135رنزدرکارہیں ۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لیںڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 274 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے 5 ، یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور ڈیبیو کرنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
کیویز کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کو مشکلات کاسامنا رہا۔ محمدحفیظ صفر اورامام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔اظہر علی اورحارث سہیل نے ذمہ داری سے کھیلتےہوئے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی لیکن ان کا ساتھ زیادہ دیر تک نہیں چلا اور حارث سہیل 34رنز بناکرآؤٹ ہوگئے.دن کے اختتام پر اظہرعلی 62اوراسدشفیق 26رنزپرناٹ آؤٹ رہے۔