واشنگٹن: امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کے مشروب کے استعمال سے نزلہ اور زکام سے بچا جا سکتا ہے۔
ہاورڑ یونیورسٹی کے ماہرین صحت کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض اوقات دوائیں اور ویکسین انسان کو فائد کے ساتھ نقصان بھی پہنچاتی ہیں تاہم قدرتی مشروبات کے استعمال سے سردی، ٹھنڈ اور نزلے کے اثرات سے بچاجاسکتا ہے۔ سیب، گاجراور موسمی کا جوس قدرتی مرکب اورکئی وٹامنز پر مشتمل ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن بی 6، وٹامن اے اور سی ، پوٹاشیئم اور فولک ایسیڈ سردیوں سے متعلق امراض جیسے نزلہ، زکام اور فلو سے محفوظ رکھتے ہیں۔ سردیوں میں ٹماٹر کا جوس خاص فائدہ پہنچاتاہے کیونکہ یہ فولک ایسیڈ، فولاد اور وٹامن اے اور سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ سلاد کے پتوں ، چقندر، گاجر، ادرکاور بند گوبھی کے جوس میں کئی مفید عناصر موجود ہوتے ہیں جن میں میگنیشم ، پوٹاشیم، فولاد ، فیٹی ایسیڈ اور وٹامن سی شامل ہیں۔ یہ جوس مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے کے ساتھ انفیکشنز جیسے امراض کے خلاف مزاحمت پیدا کرتاہے۔
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ سبزیوں کے جوس میں فولاد کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس سے مدافعتی نظام کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔