ممبئی :ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ سے اداکارہ کے کئی مناظر ہٹا کر ان کا کردار محدود کردیا گیا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدہ ترین صورتحال کے باعث پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا بالی ووڈ میں دھماکے دار انٹری دینے کا خواب چکنا چور ہو کر رہ گیا۔ فلم منتظمین نے فواد خان کی طرح ماہرہ خان کو بھی سین کاٹ کاٹ کر فلم سے تقریباً باہر ہی کردیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے مد مقابل ہیروئن کا کردار ادا کرکے دھماکے دار انٹری دینا چاہتی تھیں تاہم ان کا یہ خواب دونوں ملکوں کی کشیدہ صورتحال نے چکنا چور کردیا ۔ پہلے انہیں انڈیا میں فلم کی شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آنا پڑا اور اب فلم کے کرتا دھرتاوں نے ان کے متعدد سین بھی کاٹ دیے ہیں۔
بالی ووڈ لائف کے مطابق ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے مد مقابل ایک گانا ریکارڈ کرایا تھا جس کے کچھ سین ریکارڈ ہونا باقی تھے تاہم کشیدہ حالات کے باعث اداکارہ انڈیا نہیں جاسکیں۔
ماہرہ خان کے انڈیا نہ جا سکنے کے باعث ان کا پورا گانا ہی فلم سے ختم کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ماہرہ خان کے شاہ رخ خان کے ہمراہ فلمائے گئے رومانٹک سین بھی ختم کردیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل فلم اے دل ہے مشکل میں پاکستانی اداکار فواد خان اور عمران عباس کے ساتھ بھی یہی کچھ ہوا تھا اور انہیں بھی صرف چند لمحوں کیلئے ہی فلم کا حصہ بنایا گیا تھا۔