لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت سے اپنے مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو 27 دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا۔
بلاول ہاؤس لاہورمیں سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کا ایکشن پلان ناکام ہوچکا، نیشنل ایکشن پلان وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تخت رائیونڈ والوسنو! ابھی تولاہورسے آوازاٹھی ہے، کل پورے پاکستان سے آواز اٹھے گی، اگر حکومت نے ہمارے 4 مطالبات نہ مانے تو پھر 27 دسمبر کے بعد ملک بھر میں دما دم مست قلندر ہو گا۔
چیرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر 2018 میں وزیراعظم بننے کی خواہش ظاہر کرتےہوئے ’’گو نواز گو‘‘ اور ’’اگلی باری پھر زرداری‘‘ کے نعرے بھی لگوائے۔ بلاول بھٹو نے نیشنل ایکشن پلان پر فاتحہ پڑھ لی، جاگ پنجاب جاگ، پاکستان جل رہا ہے کا نعرہ لگا دیا، کہتے ہیں 27 دسمبر کے بعد دما دم مست قلندر ہو گا، پاکستان گو نواز گو کے نعرے سے گونج اٹھے گا۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر حکومت کو للکارتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کو ناکام قرار دے دیا ہے۔ اور ایک بار پھر گو نثار گو کا نعرہ لگا دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، شاہنواز، مرتضیٰ اور بلاول بھٹو کی پارٹی جیت سکتی ہے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں تبدیلی لایا ہوں، پارٹی میں تبدیلی لا رہا ہوں، اگر جیالے اور عوام ساتھ دیتے ہیں تو 2018ء میں وزیر اعظم پیپلز پارٹی کا ہو گا۔
دریں اثناء، آج لاہور میں بھی سندھی ثقافت کے رنگ سر چڑھ کر بول رہے ہیں۔ بلاول ہاؤس میں اجرک اور ٹوپی کی بہار نظر آئی، سندھی گج اور کڑھائی والے ملبوسات زیب تن کئے خواتین کارکنوں نے بھی چار چاند لگا دیئے، فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے بھی دل موہ لئے۔