نیویارک : اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹرز میں پاکستانی فلم فیسٹول شروع ہو گیا ہے جس کی افتتاحی اور استقبالیہ تقریب میں پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اقوام متحدہ میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں ، پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جان ایلیاسن مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فلم فیسٹول کا انعقاد کرنے پر پاکستانی مشن کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات دنیا بھر کے عوام کے مابین افہام وتفہیم کو بہتر بنانے اور اسے فروغ دینے میں بڑااہم کردار ادا کرتی ہیں ۔
اس فلم فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں جن فنکاروں نے شرکت کی ان میں صباءقمر، ماہیرہ خان ، نبیل قریشی ، وجاہت رﺅف یاسر حسین ، شہر یار منور، عاصم رضا، طوبی صدیقی، مہرین جبار اور دیگر شامل ہیں ۔
ملیحہ لودھی نے 1950اور1960 کی دہائی میں عوام کے دلوں میں راج کرنے والی اداکارہ صبیحہ خانم کا تقریب میں آمد پر خصوصی تعارف کروایا ۔ دوروزہ فلم فیسٹول میں جو فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی ان میں ایکٹر ان نیویارک ، دوبارہ پھر سے ، اور لاہور سے آگے شامل ہیں آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی شرمین عبید چنائے کی اینی میٹڈ فلمیں بہادر ، ، دختر، ڈانس کہانی اور ہو مان جاﺅ بھی دکھائی جائیں گی ۔