لاہور :مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی گلوکار راجہ ریپ سٹار ایک بار پھر میدان میں آگئے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہے، مجھ سے بات کرنے والے کشمیری نوجوان وہاں کی صورتِ حال بتا رہے ہیں، روز کسی نا کسی کشمیری کو آزادی کے لئے اپنی جان کی بازی ہارنی پڑتی ہے، بھارتی فوج ہر روز نہتے کشمیریوں پر ظلم بڑھا رہی ہے۔
راجہ ریپ سٹار کا مزید کہنا تھا کہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر گیت پیش کر رہا ہوں، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا اور دنیا کے سامنے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو بلند کرنا ہے، انہوں نے اپنے آیندہ آنے والے گیت سے متعلق بتایا کہ اس گیت کا نام ” گو انڈیا گو بیک ” ہے، یہ گیت مقبوضہ کشمیر کی آواز ہے، اس گیت میں مقبوضہ کشمیر پر جاری بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی پر اعتراض کیا گیا ہے، اور دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کریں، اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ اس گیت کو 5 فروری 2017ء کشمیر ڈے پر ریلیز کیا جائے گا، کشمیری اس گیت کا نتظار پورے جوش کے ساتھ کر رہے ہیں.
امید ہے کہ اس گیت سے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نظر آئیں، واضح رہے کہ راجہ ریپ سٹار پاکستانی گلوکار ہیں، جن کا تعلق لاہور شہر سے ہے، انہوں نے کشمیر کی صورتِ حال پر گیت گائے جنہیں مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں نے اپنی آواز بنا لیا، اور راجہ سے رابطہ شروع کیا، بھارت میں راجہ پر پابندی لگا دی گئی، مگر کشمیر میں انہیں بہت پسند کیا گیا اور کشمیریوں نے انکا گیت اپنے نعروں میں شامل کر لیا، راجہ کا کہنا ہے کہ جب تک کشمیر کو اسکا حق ” آزادی ” نہیں مل جاتی کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتا رہوں گا۔