بڑھتا ہوا درجہ حرارت: سرکاری دفاتر، بینک، کیپٹل مارکیٹس، نجی کاروباری اداروں میں تعطیلات کا حکم

04:08 PM, 4 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

تہران: ایران میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے گرمی میں اضافے پر انتباہ کے بعد قومی شٹ ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے۔ سرکاری دفاتر، بینکوں اور کیپٹل مارکیٹس کے علاوہ نجی کاروباری اداروں کو بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایرانی وزارت صحت نے ابتدائی طور پر دو روزہ قومی تعطیل کا اعلان کیا تھا اور بدھ اور جمعرات کو تمام سرکاری دفاتر، بینک اور اسکول بند رکھے تھے۔ لیکن بندش کے باوجود، گرمی سے متعلقہ بیماریوں کے لیے طبی امداد کی ضرورت والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جس کی وجہ سےقومی تعطیل کو ہفتہ تک بڑھا دیا گیا۔

حالیہ دنوں میں ایران کے شہروں اور قصبوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس (104 ڈگری فارن ہائیٹ) کے قریب دیکھا گیا۔ دارالحکومت تہران میں منگل کے روز درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ (100.4 ایف) رہا۔

ایران کے میٹرولوجیکل آفس نے پیش گوئی کی ہے کہ تہران میں اگلے تین دنوں کے دوران درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ (102.2 فارن) دیکھا جائے گا۔ ملک کے جنوب مغرب میں تیل کی دولت سے مالا مال صوبے کے دارالحکومت اہواز میں منگل کو درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ (122 F) رہا۔ 2022 میں، ایران نے اہواز میں اپنا گرم ترین درجہ حرارت 53 C (127.4 F) درج کیا تھا۔

جدید تاریخ میں زمین کا گرم ترین دن ممکنہ طور پر 4 جولائی تھا، جب اوسط عالمی درجہ حرارت 17.18 ڈگری سیلسیس (62.9 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا۔ بنیادی طور پر موسمیاتی تبدیلی اور ابھرتے ہوئے ال نینو پیٹرن کی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ جاری ہے۔

مزیدخبریں