نئی دہلی: ہتک عزت کیس میں بھارتی سپریم کورٹ نے راہول گاندھی کی سزا معطل کرد ی ہے۔ پارلیمانی رکنیت بحال ہونے کے بعد اگلے سال انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے جج کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سزا سنانے کی کوئی وجہ نہ دینے پر راہول گاندھی کی ہتکِ عزت کی سزا معطل کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، سزا معطلی کے بعد راہول گاندھی کی پارلیمانی رکنیت بحال ہوجائے گی اور وہ اگلے سال ہونے والے انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔یاد رہے کہ گجرات کی ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کے مقدمےمیں راہول گاندھی کو 2 سال قید کی سزا سنائی تھی۔بعد ازاں جب گجرات ہائی کورٹ نے بھی راہول گاندھی کی سزا کو برقرار رکھا تو اُنہوں نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔