اسلام آباد: سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل واپس لینے پر نمٹا دی۔
جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک کوئی فیصلہ نہیں سنا سکتی. معاملہ قانون سے آگے جا کر فریقین کی رضامندی پر آ چکا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقدمہ ٹرانسفر کرنے کی درخواست ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے۔ توقع ہے ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ قانون کی روح کے مطابق چلیں گی۔سپریم کورٹ کے حکم چیئرمین تحریک انصاف کی دیگر زیرالتواء درخوستوں پر اثرانداز نہیں ہوگا۔
عدالت عظمیٰ کے جج نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی تسلیم کیا کہ مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک ٹرائل کورٹ کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی۔
یاد رہے کہ سماعت سے کچھ دیر قبل توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا تھا۔ جسٹس مظاہر نقوی کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو بینچ میں شامل کیا گیا ، نئے بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل تھیں۔