دریائے ستلج میں کشتی ڈوب گئی،   7 افراد جاں بحق،  متعدد لاپتہ

09:50 AM, 4 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اوکاڑہ: دریائے ستلج میں تھلی جمال اوکاڑہ کے قریب35 سے 50 افراد سے بھری کشتی الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کشتی اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی اور دریائے ستلج میں کشتی پر 35 سے زائد افراد سوار تھے۔ 

ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد  کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی دو کشتیوں کے ذریعے جائے حادثہ پر فوری رسپانس شروع کر دیا گیا تاکہ سوار افراد کو بچایا جا سکے۔ تاہم رات کی تاریکی کے باعث ریسکیو آپریشن کو عارضی طور پر روکنا پڑا تاکہ ریسکیورز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کشتی پر سوار افراد کی صحیح تعداد غیر یقینی ہے جس کی وجہ سے صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مقامی عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اوکاڑہ اور بہاولنگر کے درمیان کراسنگ پوائنٹ پر پیش آیا۔

متوفی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ وہ جس کشتی میں سفر کر رہے تھے وہ پرانی تھی اور اسی وجہ سے ڈوب گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عمرکوٹ ضلع کے ڈھورو نارو کے قریب کلنکر جھیل میں کشتی الٹنے سے کم از کم چھ افراد ڈوب گئے۔

مزیدخبریں