حکومت بلوچستان سردار یار محمد رند کو منانے کیلئے متحرک ہو گئی

08:52 PM, 4 Aug, 2021

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سیاستدان سردار یار محمد رند کو منانے کے لیے حکومت بلوچستان بھرپور طریقے سے متحرک ہو گئی ہے اور اس حوالے سے کوشش بھی شروع ہو گئی ہے۔ 

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ سردار یار محمد رند نے صوبائی کابینہ سے تقریباً ایک ماہ قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔ وہ بلوچستان کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ صوبہ بلوچستان کی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی اراکین نے سردار یار محمد رند سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سردار یار محمد رند سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیرمیرعارف جان محمد حسنی، میرسلیم خان کھوسو، ڈپٹی اسپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل اور دیگر شامل تھے۔

پی ٹی آئی رہنما یار محمد رند سے ملاقات کرنے والے پارلیمانی وفد کے اراکین نے اپیل کی کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں۔ وفد کے اراکین نے ان پر زور دیا کہ وہ دوبارہ صوبائی کابینہ کا حصہ بن جائیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سردار یار محمد رند نے پارلیمانی وفد کے اراکین سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں مشاورت کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں وقت دیا جائے۔ ملاقات کرنے والے پارلیمانی اراکین کے وفد اور پی ٹی آئی کے سردار یارمحمد رند کے درمیان دوبارہ ملاقات جمعہ کے دن ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں