لاہور: کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 4 اضلاع میں مزارات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا کے باعث لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں مزارات بند رکھے جائیں گے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ مزارات کو 31 اگست تک بند رکھا جائے گا تاہم مزارات سے ملحقہ مساجدمیں ایس اوپیزکےتحت نمازجاری رہےگی۔
حضرت بابا فرید شکر گنج کےعرس میں عوام کی شرکت پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے البتہ محکمہ اوقاف کا عملہ عرس کی تقریبات ادا کرے گا۔ تقریبات میں ویکسی نیشن کروانے والا عملہ ہی شرکت کر سکے گا۔ وزیر اوقاف سعید الحسن شاہ اور محکمہ اوقاف تقریبات کا آغاز کریں گے۔
پنجاب کے 4 اضلاع میں ڈیلٹا وائرس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کیا گیا جس کے بعد صوبے کے چاروں اضلاع میں لاک ڈاون لگا دیا گیا اور اس حوالے سے محکمہ صحت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سیکرٹری صحت سارہ اسلم نے کہا لاک ڈاؤن 3 اگست سے 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔ اطلاق لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد کےعلاقوں میں ہوگا ، تمام کاروباری مراکز کے اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار چھٹی میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز ویکسی نیشن سینٹرز پورا ہفتہ کھلے رہیں گے جبکہ پمپ، تندور، بیکری، گروسری، کریانہ اسٹور، ڈیری شاپس 24 گھنٹے کھل سکیں گی۔