گوجرانوالہ: لیگی ایم این اے کے بیٹے کی جگہ میٹرک کا پیپر دینے والا نوجوان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 کامونکی کے سینٹر نمبر 66 میں ایم این اے چوہدری ذوالفقار علی بھنڈر کے بیٹے فرحان مالک رول نمبر 604748 کا جنرل سائنس کا پیپر تھا، اس کی جگہ نجی سکول کا ٹیچر خبیب نامی نوجوان امتحان دے رہا تھا، سپرنٹنڈنٹ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑا مگر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے سپرنٹنڈنٹ عدیل نذر ورک کی مدعیت میں فرحان اور خبیب کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ کنٹرولر بورڈ پروفیسر محمد نعیم بٹ نے بتایا ہے کہ مکمل کارروائی کے بعد امیدوار کو بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت 3 سال کیلئے نااہل جبکہ امتحان دینے والے کی میٹرک اور انٹر کی اسناد کینسل کی جا سکتی ہیں جس کیلئے نوٹسز جاری کر کے شنوائی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔