لاہور : پاکستان کے معروف پلے بیک سنگر اخلاق احمد کی آج22ویں برسی منائی جارہی ہے
اخلاق احمد 10 جنوری 1946 کو بھارتی شہر دہلی میں پیدا ہوئے ۔ اخلاق احمد کو کم عمری سے ہی موسیقی سے رغبت تھی اور جب بھی ریڈیو سے کوئی گانا سنتے تو اس کے ساتھ خود بھی گاتے تھے ۔
گلوکار اخلاق احمد نے زمانہ طالبعلمی میں کراچی میں ایک میوزیکل گروپ جوائن کیا جس کے باقی ممبران میں گلوکار مسعود رانا اور اداکار ندیم بھی شامل تھے ۔
اخلاق احمد کو اپنی مخملی آوا ز کی وجہ سے بہت جلد پہچان ملی لیکن فلم چاہت کے گیت " ساون آئے ساون جائے" نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔
اخلاق احمد نے مہدی حسن ، مسعود رانا ، مجیب عالم ، احمد رشدی جیسے بڑے گلوکار وں میں خود کو منوایا ۔ اپنے کیرئیر میں انہوں نے دوسو کے قریب گیت ریکارڈ کرائے ۔
ان کے مشہور گیتوں میں ، سونا نہ چاندی نہ کوئی محل، کھلونے تیری زندگی کیا ، یہ دل ہے سوہنے دلدار کا ، اور بہت سے دیگر شامل ہیں ۔
اخلاق احمد کو جیسے ہی شہرت نصیب ہوئی تو ان کو کینسر جیسی موذی مرض نے گھیر لیا جس کی وجہ سے ا ن کو بہت کم کام کرنے کا موقع ملا ۔ گلوکار اخلاق احمد 53 سال کی عمر میں سال 1999 میں آج ہی کے دن خالق حقیقی سے جاملے تھے ۔