اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے ہیں، نو منتخب وزیراعظم اور سابق وزیراعظم ایوان سے خطاب کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے جبکہ ان کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار چوہدری لطیف اکبر 15 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ نومنتخب سپیکر چوہدری انوار الحق کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا اور ان کے نام کا اعلان کیا گیا۔
اس سے قبل طے شدہ طریقہ کار کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس کے بعد تمام اراکین ایوان سے باہر چلے گئے، پھر ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور یہ عمل مکمل ہونے پر ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں۔
پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین ایوان میں موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ اسمبلی کے سیکرٹری کے مطابق دونوں امیدواروں کیلئے الگ الگ پریذائیڈنگ آفیسر مقرر کئے گئے تھے، عبدالقیوم نیازی کیلئے 3 جبکہ چوہدری لطیف اکبر کیلئے 4 کاغذات امزدگی موصول ہوئے ہیں جنہیں درست قرار دیا گیا۔
طریقہ کار پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ووٹنگ خفیہ ہونی چاہئے، قاعدہ چہارم کو معطل کیا جائے اور خفیہ رائے شماری کی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے منصب کیلئے نامزد کیا تھا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مشترکہ طور پر چوہدری اکبر کو آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کیا تھا۔
سردار عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے
03:32 PM, 4 Aug, 2021