اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نالائق اپوزیشن کو یقین ہو گیا ہے کہ عمران خان اگلے پانچ سال بھی حکومت کرے گا، کل پورے پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے، بھارتی ادارے پاکستان میں امن متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پورے پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے جس دوران پورے پاکستان میں 2 منٹ کیلئے ٹریفک روک دی جائے گی، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کردی ہیں مگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا کسی کو پتہ نہیں، کشمیری اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق جو فیصلہ کریں گے وہ قبول ہو گا، مودی نے کشمیریوں پر جو عذاب مسلط کیا اس کیخلاف احتجاج کیا جائے گا، عمران خان اور حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی بھرپور حمایت کی ہے، حکومت عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی، پورا یقین ہے کہ کشمیر ایک دن کشمیریوں کا ہی ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے ایک روز پہلے بھارت نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کرائے، کوئٹہ میں بھی بھارت نے دھماکے کرائے، بھارت کے ادارے پاکستان میں امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کیخلاف ہائبرڈ وار شروع کردی گئی ہے اور ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی ملوث ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن اور ش میں کام پڑچکا ہے اور شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) جتنا چیختے تھے وہ اپنی اصل جگہ پہنچ گئے ہیں اور دونوں کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں نئی ریجنل سیاست آنے لگی ہے مگر ان کی سیاست صرف چوں چوں کا مربہ ہے،ان کا کوئی حال نہیں ہے، انہیں کیمروں کا شکر گزار ہونا چاہئے جن کیلئے یہ سیاست کر رہے ہیں، اس جیسی نالائق اپوزیشن میں عمران خان اگلے 5 سال بھی لگا لیں گے، ملک انہوں نے خاک ٹھیک کرنا ہے،پہلے اپنا گھرتو ٹھیک کر لیں، الیکشن سے پہلے،پہلے نیب کیسز کے فیصلے بھی ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 3 سال میں کرپٹ افراد کو جیل کی ہوا کھلائی ہے، نوازشریف اور بانی متحدہ کو پاکستان نہیں لا سکتا جبکہ شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کی درخواست نہیں دی، شہبازشریف راستہ بنارہے ہیں تاکہ نوازشریف کو الیکشن کے دنوں میں جیل نہ جانا پڑے، شہباز شریف وہی راستہ بنارہے ہیں جو سعودی عرب کے ساتھ ڈیل میں بنایا تھا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو مشورہ ہے کہ پاکستانی سیاست میں نئی سوچ آنے لگی ہے اور آئندہ 6 ماہ بہت زیادہ اہم ہیں کیونکہ خطے کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، عمران خان اپوزیشن کی سوچ سے بڑی سیاست کھیلیں گے۔
شیخ رشید نے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسی نیشن سینٹر کیلئے 680 سینٹر کھولے ہیں جبکہ ویکسی نیشن کا پورٹل بھی 6،7 دن میں آ جائے گا، ہم اس وقت ایک لاکھ افراد کو روزانہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر سکتے ہیں اور ایک ہفتے بعدایک لاکھ سے زائد سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا، ایف آئی اے،پاسپورٹ،وزارت داخلہ میں جھاڑو پھیر دیں گے۔