پنجاب حکومت نے محرم الحرام کیلئے کورونا ایس او پیز جاری کر دئیے

11:10 AM, 4 Aug, 2021

لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کیلئے کورونا ایس او پیز جاری کر دی ہیں جن کے تحت عزاداروں کی موقع پر ویکسی نیشن کی جائے گی اور صرف ویکسین لگوانے والے ذاکرین ہی مجالس منعقد کر سکیں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی سربراہوں کے نام مراسلے میں محکمہ صحت نے کہا ہے کہ عزاداروں کیلئے موبائل ویکسی نیشن کا انتظام کیا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم محرم سے عزاداروں کی موقع پر ویکسی نیشن ہو گی، مجالس اور جلوسوں میں ماسک اور سینی ٹائزر کی سہولت یقینی بنائی جائے اور صرف ویکسینیٹڈ ذاکرین کو ہی مجالس منعقد کرنے اجازت ہو گی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجالس میں بچے، بیمار اور عمر رسیدہ افراد شامل نہ ہوں، جلوس کے شرکا ماسک، سماجی فاصلے اور ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، مجالس کا انعقاد کھلی جگہ پر کیا جائے اور داخلے سے پہلے شرکا کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، نیاز اور کھانے کی تقسیم کھلی جگہ اور ڈسپوزبل برتنوں میں کی جائے۔

مزیدخبریں