غلط معلومات کو روکنے کیلئے ٹوئٹر کی اے پی اور رائٹرز کیساتھ شراکت داری

09:42 AM, 4 Aug, 2021

نیویارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے وائرل گمراہ کن مواد کو روکنے کیلئے مشہور خبر رساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) اور رائٹرز کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ۔

اس حوالے سے ٹوئٹر حکام کا کہنا تھا کہ خبر رساں اداروں کیساتھ نئے معاہدے سے کمپنی کو غلط خبروں سے چھٹکارا اور ٹرینڈز کو درست رکھنے میں بہت حد تک مدد ملے گی ۔

خیال رہے کہ دیگر سوشل میڈیا کمپنیوں کی طرح ، ٹوئٹر پر بھی دباؤ ہے کہ وہ اپنی سائٹ پر گمراہ کن یا غلط معلومات کو ہٹا دے ۔ اس سال کے شروع میں ٹوئٹر نے برڈ واچ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ، جس میں اپنے صارفین سے گمراہ کن ٹوئٹس کی شناخت اور حقائق کی جانچ میں مدد کرنے کو کہا گیا ۔

ٹوئٹر نے کہا کہ وہ بریکنگ نیوز ایونٹس کے دوران نیوز وائر کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ درست سیاق و سباق شامل کیا جا سکے ، جو ٹوئٹر پر مختلف جگہوں پر ظاہر ہو سکتا ہے ۔ جیسا کہ ایک لیبل کو ٹویٹس کے ساتھ منسلک کرنا جو ایونٹ کے بارے میں درست معلومات فراہم کرے اور جو ٹرینڈنگ ٹاپکس کے بارے میں معلومات کو درست کرتا ہے ۔

ٹوئٹر حکام کا کہنا ہے کہ اے پی اور رائٹرز کے ساتھ کام کرنے سے پلیٹ فارم میں ٹوئٹس میں اضافی تفصیلات کے اضافے کی رفتار میں اضافہ ہو گا ۔ اسی طرح وائرل گمراہ کن مواد کو روکنے میں بھی یہ شراکت داری مددگار ثابت ہو گی ۔

مزیدخبریں