ٹوکیو: پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جویلین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے اور اس کیساتھ ہی وہ اولمپکس ایتھلیٹکس مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بھی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں جویلین تھرو کے گروپ میچز آج صبح ہوئے اور پاکستان کے ارشد ندیم گروپ بی میں شامل تھے۔ ایونٹ میں شریک 32 ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83.5 کی تھرو درکار تھی۔ ارشد ندیم پہلی باری میں تو 78.5 کی تھرو کر سکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85.16 کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیا۔
یہ ارشد ندیم کے اپنے کیریئر کی تیسری بہترین تھرو تھی، وہ 85.16 کی تھرو کے ساتھ گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر رہے جبکہ دونوں گروپس میں مجموعی طور پر یہ تیسری بہترین تھرو رہی۔ ٹوکیو اولمپکس میں جویلین تھرو کے فائنل مقابلے سات اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے جن میں ارشد ندیم ٹاپ تھری ایتھلیٹ کے طور پر ٹریک پر آئیں گے اور یقینی طور پر وہ پاکستان کیلئے میڈل کی ایک امید ہوں گے۔
گروپ اے میں شامل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا 86.65 کی تھرو کے ساتھ پہلی جبکہ جرمنی کے جوہانیس ویٹر 85.64 کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حیرت انگیز طور پر ٹاپ جویلین تھرورز جولیئس یگو، چاو سن سینگ ، کیشورن ویلکوٹ، مارسن کرووسکی، برن ہارٹ سیفرٹ اور اینڈرسن پیٹرس فائنل تک کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔
اولمپکس مقابلوں میں جویلین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ ناروے کے ایندریاس تھور کلڈسن کے پاس ہے جنہوں نے 2008ءبیجنگ اولمپکس میں 90.57 کی تھرو کی تھی جبکہ جمہوریہ چیک کے یان زیلزنی 88.48 کی تھرو کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس، ارشد ندیم نے جویلین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
09:17 AM, 4 Aug, 2021