شاہ محمود قریشی کا جنرل سیکرٹری او آئی سی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

11:49 AM, 4 Aug, 2019

اسلام آباد:حریت لیڈر سید علی گیلانی کے ٹویٹ کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا جنرل سیکرٹری او آئی سی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ۔

تفصیلات کے مطابق سید علی گیلانی نے اپنے ٹوئٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی بھارتی جارحیت پر ایس او ایس کال دی ہے اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرے کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کو کشمیر میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور انہیں نہتے کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے اپنا بھرپور ادا کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

وزیر خارجہ قبل ازیں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی تفصیلی خط ارسال کر چکے ہیں جس میں ہندوستان کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا ۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی دو ٹوک اعلان کیاہے کہ پاکستان مقبوضہ وادی کی جغرافیائی یا آبادیاتی تبدیلی کسی صورت قبول نہیں کرےگا۔

مقبوضہ کشمیرمیں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا 38ہزار بھارتی فوجی دستوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرکے عوام میں شدیدخوف وہراس میں مبتلا ہیں۔ بھارتی فورسزنے سیاحوں،یاتریوں اور طلباکومقبوضہ کشمیرسے نکلنے کاحکم دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کی بھی بھر پور مذمت کی اور کہا کہ دشمن کو اس کا مناسب اور بھر پور جواب دیاجائے گا۔امید ہے بھارت ابھی تک 27 فروری بھولانہیں ہوگا۔

مزیدخبریں