بیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانے میں ناکام رہا, سینیٹر سراج الحق

10:45 PM, 4 Aug, 2018

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے المرکز اسلامی پشاور میں ہونے والے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بیس ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانے میں ناکام رہا ۔ الیکشن کا متنازعہ ہونا بڑی بدقسمتی ہے۔ الیکشن جیتنے والوں کو بھی ابھی تک اپنی کامیابی سراب دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ جماعت اسلامی ایک نظریاتی قوت ہے ہم پاکستان کو ایک اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔جماعت اسلامی چترال سے کراچی تک ملک کے گلی کوچوں میں موجود ہے۔ ہم ملک میں جمہوری رویوں کا فروغ چاہتے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت پھل پھول سکے ۔ قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آگے بڑھناہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پیش نظر اصلاح معاشرہ کا وہ عظیم کام ہے جس کے لیے تمام انبیاء ؑ آئے ۔ اصلاح معاشرہ کے لیے فرد کی اصلاح ضروری ہے ۔ ہم دعوت الی اللہ کے اس عظیم مقصد کے لیے شہروں ، گوٹھوں اور دیہاتوں تک پہنچیں گے اور عوام کو قیام پاکستان کے اصل مقصد سے روشناس کروائیں گے ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر ، صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور صوبائی شوریٰ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ 

مزیدخبریں