لاہور:کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر آئل ٹینکر اور بس میں تصادم میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے ہیں ۔
انڈس ہائی وے پر سماری چوک کے قریب سوات کے علاقہ بونیر سے کراچی جانے والی مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والا آئل ٹینکر آپس میں ٹکرا گئے۔دونوں گاڑیاں تصادم کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑیاں الٹنے سے کئی افراد گاڑیوں کے نیچے دب گئے تھے جس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا
حادثے کے بعد زخمی اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ لایا گیا جہاں مزید 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔مسافروں کا تعلق ضلع سوات سے بتایا جا رہا ہے جو محنت مزدوری کے لیے کراچی جا رہے تھے۔ دوسری طرف تھانہ جرما پولیس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں