والدہ بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہیں، حسین نواز

والدہ بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہیں، حسین نواز
کیپشن: دل کا دورہ پڑنے سے کلثوم نواز کے جسم کے اعضاء بری طرح متاثر ہوئے ہیں، حسین نواز۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کلثوم نواز ہوش میں ہیں اور بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہیں۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز نے ایک ماہ کومے میں رہنے کے بعد اس روز آنکھیں کھولی تھیں جس روز نواز شریف لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

حسین نواز کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز ہوش میں ہیں لیکن ابھی وہ نہ تو اپنے ہاتھ پاؤں ہلا سکتی ہیں اور نہ ہی بات کر سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان کے استعمال پر پرویز خٹک کی قوم سے معافی

ان کا بتانا تھا کہ کلثوم نواز خاندان کے افراد کو پہچانتی ہیں اور اگر کوئی بات کرے تو سر کے اشارے سے جواب بھی دیتی ہیں۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اتنا ضرور ہے کہ انہیں صحتیاب ہونے میں کافی وقت لگ جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کہتے ہیں دل کا دورہ پڑنے سے کلثوم نواز کے جسم کے اعضاء بری طرح متاثر ہوئے ہیں لیکن ان کا علاج جاری ہے اور وہ آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ والدہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی صحت بحال ہونے میں وقت لگے گا۔

 

یہ خبر بھی پڑھیں: سیاسی پیغام رسانی نہیں ہو رہی ، فیصلہ حلقے کو اعتماد میں لے کر کرونگا: چودھری نثار


خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص کیا تھا جس کے بعد سے وہ لندن میں علاج کروا رہی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں