مانچسٹر : انگلش قائد اور سٹار بلے باز جوروٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کر لئے، وہ تیز ترین یہ کارنامہ انجام دینے والے پانچویں انگلش بلے باز بن گئے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے مسلسل دسویں ٹیسٹ میں ففٹی بنا کر سابق ہم وطن بلے باز جان ایڈرچ کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، ایڈرچ نے 1969ء سے 1971ء کے دوران مسلسل دس ٹیسٹ میچز میں نصف سنچریاں سکور کر کے قومی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز کیلئے روٹ جب میدان میں اترے تو انہیں 5 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 46 رنز درکار تھے، انہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز کے ہندسے کو عبور کیا، روٹ نے 105 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، اس طرح وہ تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پانچویں انگلش بلے باز بن گئے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین پانچ ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے کا اعزاز ہوبز کو حاصل ہے جنہوں نے 91 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، ہامونڈ اور بیرنگٹن نے 97، 97 جبکہ ہوٹن نے 98 اننگز میں یہ اعزاز پایا تھا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کی تاریخ میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز ڈان بریڈمین کو حاصل ہے جنہوں نے 56 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔