لندن: صحت کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے کے عادی لوگ کم میٹھا کھانے والے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ اداس رہتے ہیں۔
ماضی میں بھی بہت سی تحقیقا ت سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ شکر کے زائد استعمال اور دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن اب تک یہ بات صرف ایک امکان کی صورت میں تھی جس کی حتمی تصدیق ہونا باقی تھی۔
تحقیقی مطالعے میں یہ بھی دیکھا گیا کہ زیادہ شکر اور مزاجی مسائل میں تعلق ہر طبقے کے مردوں میں یکساں ہوتا ہے یعنی اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ زیادہ شکر استعمال کرنے والا کوئی مرد امیر ہے یا غریب، اور زیادہ تعلیم یافتہ ہے یا کم پڑھا لکھا۔
علاوہ ازیں یہ بھی پتا چلا ہے کہ چاہے خالص حالت میں زیادہ شکر کھائی جائے یا پھر میٹھے کھانوں میں شامل کرکے، دونوں صورتوں میں زیادہ شکر کھانے کے موڈ پر منفی اثرات یکساں ہی رہتے ہیں۔