لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولو ں کی سیاست کی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست رواداری،برداشت اورشائستگی کے اصولوں پرمبنی ہے جبکہ دوسری جانب ذاتی مفادات کی سیاست کرنیوالوں نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔الزام تراشی اورجھوٹ کی تکرارسے محمد نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے نکالانہیں جاسکتا۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ دھرنا سیاست نے ملک کی ترقی کو نقصان پہنچایاہے اور ان مایوس عناصر کو آئندہ بھی مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔ چار برس میں دھرنا پارٹی نے اپنی تمام توانائیاں نظام کو کمزور کرنے اور سازشوں میں صرف کیں۔ملک کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے آئندہ انتخابات میں عوام کے احتساب سے نہیں بچ پائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک نازک دورسے گزررہا ہے اورموجودہ صورتحال میںمعاشرے میں نفاق اورانتشار پیدا کرنے والے قوم پر رحم کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد نوازشریف کے گزشتہ چارسال کے دوران اٹھائے گئے اقدامات کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے ۔ملک کی ترقی کے راستے میں باربار رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو پاکستان آج ترقی کی بلندیوں پر ہوتا ۔ترقی کے سفر کو نقصان پہنچانے والے عناصر عوام کو منہ دکھانے کے لائق بھی نہیں رہیں گے۔