مظفرآباد:تحریک انصاف نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے متنازعہ بیان کے خلاف قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔وزیراعظم نے الحاق پاکستان کے خلاف متنازعہ بیان دے کر آئین سے انحراف کیا ہے جبکہ فاروق حیدر نے عدلیہ کے خلاف زبان استعمال کر کے توہین عدالت کی ہے جس کے باعث وہ اپنے حلف سے بھی منحرف ہوئے ہیں،قرارداد کا متن۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے دوممبران اسمبلی عبدالماجد خان اور دیوان غلام محی الدین نے جمعہ کے روز قانون سازاسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف قرارداد جمع کروادی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پانامہ فیصلہ کے بعد متنازعہ بیانات دے کر عدلیہ کی توہین کی ہے جبکہ الحاق پاکستان کے خلاف بیان دے کر انہوں نے آئین اور حلف کی خلاف ورزی کی ہے وہ اپنے عہدے کے اہل نہیں رہے لہذا فوری طورپر وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیدیں۔قرارداد قانون سازاسمبلی سیکرٹریٹ میں رکن اسمبلی عبدالماجد خان نے جمع کروائی ہے جس پر دوممبران اسمبلی عبدالماجد خان اور دیوان غلامی محی الدین کے دستخط ہیں۔
دوسری جانب صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر سینئر وکلاء پر مشتمل ٹیم وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے کیس تیار کررہی ہے تاہم پیپلزپارٹی نے صرف احتجاجی مظاہروں تک سلسلہ محدود رکھا ہے۔