امریکا افغانستان کے قدرتی وسائل میں اپنا حصہ طلب کرنے لگا

04:57 PM, 4 Aug, 2017

واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کو مسلسل امداد اور حمایت کے عوض افغانستان کے وسیع قدرتی وسائل میں اپنا حصہ مانگنے کی تجویز دے دی ہے۔

بین الااقوامی میڈیا نے اپنی مختلف رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دنوں وائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار زور دیتے رہے کہ افغانستان کو مسلسل امداد اور حمایت کے عوض افغانستان کے وسیع قدرتی وسائل میں اپنا حصہ طلب کرنا چاہیے۔
ایک امریکی اہلکار نے نام پوشیدہ رکھنے کی شرط پر ”روئٹرز“ کو بتایا کہ اس اجلاس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں چینی کمپنیاں کان کنی سے منافع کما رہی ہیں تو امریکا کو بھی اس کام میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس تجویز پر سیکیورٹی حکام نے ٹرمپ کو بتایا کہ جب تک پورے افغانستان پر امریکی تسلط قائم نہیں ہوجاتا، تب تک وہاں کے قدرتی وسائل میں اپنا حصہ وصول کرنا امریکا کیلئے نا ممکن ہے ۔
خیال رہے کہ افغانستان میں ”لیتھیم“ نامی قیمتی دھات کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ 1 ٹریلین ڈالر (1000 ارب ڈالر) سے بھی زیادہ لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں