سکردو میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ، 5افراد لاپتہ، 80سے زائد مکانات تباہ

سکردو میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ، 5افراد لاپتہ، 80سے زائد مکانات تباہ

سکردو:سکردو اور گردونواح کے علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے ہرطرف تباہی مچا دی، دیوسائی روڈ پر پانچ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ ایک ہوٹل اور رابطہ پل سمیت 80 سے زائد رہائشی مکانات مکمل تباہ ہو گئے، سکردو کا دیگر اضلاع سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کی وجہ سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے۔

گزشتہ شام سکردو اور گردونواح کے علاقوں میں اچانک ہونے والی طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے بعد کئی علاقوں میں خوفناک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کی شکل میں قدرتی آفات نے ہنستے بستے علاقے اجاڑ دیے، دیوسائی روڈ پر سدپارہ سے سکردو آتے ہوئے علاقہ گلتری کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ سے دیوسائی روڈ 12 سے زائد مقامات پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ سدپارہ گاوں میں ایک درجن موٹرسائیکل سمیت سینکڑوں کنال اراضی پر کھڑی فصلیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔رگیایول نالہ میں خوفناک طغیانی کے باعث نشیبی علاقے میں 80 مکانات تباہ ہوگئے اور کرڑوں روپے مالیت کے گھریلو سامان سمیت ہزاروں مال مویشیاں دب گئیں جس کے بعد پورے علاقے سے تقریبا 900 گھرانے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے، بے گھر ہونے والے متاثرین نے رات مساجد اور امام بارگاہوں میں گزاریں۔ حسین آباد میں قراقر م یونیورسٹی کیمپس کے قریب پل تباہ ہونے کے باعث سکردو کا بلتستان کے دیگر اضلاع سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، دیوسائی روڈ اور سیاچن کرگل روڈ بند ہونے کے باعث سینکڑوں سیاح کئی علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں