لیجنڈ گلوکار کشور کمار کی 88 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

02:29 PM, 4 Aug, 2017

ممبئی: برصغیر کے لیجنڈ گلوکار کشور کمار کی آج 88 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اپنی آواز سے برصغیر کی فلمی صنعت میں پہچان بنانے والے کشور کمار آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ برصغیر کے لیجنڈ گلوکار کشور کمار کا اصل نام ابہاس کمار گنگولی تھا وہ 4 اگست 1929 کو بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ایک وکیل تھے اور کشور اپنے 4 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ وہ ابھی چھوٹے ہی تھے کہ ان کے بھائی اشوک کمار نے ممبئی میں اداکاری شروع کی جس کے بعد ان کے ایک بھائی انوپ کمار بھی فلموں سے وابستہ ہوئے۔

اس طرح انہوں نے بھی اپنے بھائیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلم نگری میں قدم رکھا۔ کشور کمار نے 1948 میں فلم ضدی کیلئے پہلا گیت گا کر اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا جب کہ 1951 میں ریلیز ہونے والی فلم آندولن میں وہ پہلی بار جلوہ گر ہوئے۔ کشور نے 547 فلموں میں گلوکاری اور 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کشور کمار کی آواز آج بھی سننے والوں کو مدہوش کر دیتی ہے ۔

گلوکاری کے ساتھ کشور کمار شاعری بھی کیا کرتے تھے۔ گلوکاری اور اداکاری کے بعد انہوں نے فلمسازی کے میدان میں بھی قدم رکھا لیکن یہاں ان کی قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور ان کی بنائی ہوئی 12 فلموں میں سے کوئی بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔ کشور کمار کو بہترین گلوکار کی حیثیت سے 8 مرتبہ بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز فلم فیئر ایورڈ سے نوازا گیا۔ فنی دنیا میں ان کا کیریئر کامیاب رہا لیکن ان کی ذاتی زندگی اتنی کامیاب نہیں رہی۔ انہوں نے 4 شادیاں کیں لیکن ایک بھی کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی جن میں ایک سے مدھو بالا بھی تھیں۔

برصغیر کا یہ روشن ستارہ 1987 میں ممبئی کے ایک مضافاتی علاقے میں اپنی کار میں وہ مردہ پایا گیا۔ کشور کمار نے اپنی گلوکاری اور اداکاری سے برصغیر میں وہ ان مٹ نشان چھوڑے ہیں کہ آج کے بہترین گلوکار انہیں اپنا ستاد مانتے ہیں۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں