کراچی: محنت کشوں کے لئے دن بھر تھکان کے بعد پر سکون نیند سے بڑی کوئی دولت نہیں ہے۔ معیشت کا پہیہ دن بھر چلانے والے کراچی کے مزدوروں کے لئے چارپائی اسٹریٹ گویا خوابوں کی جنت بن جاتی ہے۔کسی نے شاید انہی مزدوروں کے لئےہی کہا تھا۔
سوجاتےہیں فٹ پاتھ پر اخبار بیچ کر مزدور کبھی نیند کی گولی نہیں کھاتے
تفصیلات کے مطابق گاڑیوں کے شور اور مچھروں سے بے خبر ، چارپائی اسٹریٹ پر سونے والوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔پیکج شوٹنگ کے دوران بھی بے خبری ایسی کہ بات کرنے کو بھی مزدور مشکل سے تیار ہوئے۔چارپائی اسٹریٹ پر سستی نیند کے مزے لوٹنے والے کہتے ہیں دن بھر کام کرنے کے بعد 50 روپے میں سکون کی نیند نعمت سے کم نہیں ۔نیند لینے سے قبل جس کی جیب اجازت دے وہ قریبی فٹ پاتھ پر بیٹھے مالیشیوں سے بھی مستفید ہوجاتا ہے۔کراچی ویسے تو رات بھر جاگتا ہے لیکن ان مزدوروں کے لئے کھلے آسمان تلے چند گھنٹے کی نیند رت جگے سے لاکھ درجے سے بہتر ہے۔