لاہور: سندر کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والی واردات میں شادی کے دن اپنی سالی عائشہ حبیبہ کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے ملزم اکرام کو گرفتار کر لیا، جو مقتولہ کا بہنوئی تھا۔
ملزم نے رشتہ داری کے تنازعے کے باعث فائرنگ کر کے اپنی سالی کو قتل کیا تھا اور اس کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس ٹیم نے سخت محنت کے بعد ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مضبوط شواہد کی بنیاد پر چالان تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملزم کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔