اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں فرانسیسی سفیر نکولس گیلی نے ملاقات کی ۔فرانسیسی وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا خط پیش کیا۔
وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر فرانس کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، ملاقات میں وزیر خارجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے جنوری 2023 میں جنیوا کانفرنس برائے لچکدار پاکستان میں ورچوئل شرکت کے ذریعے صدر میکرون کی گرانقدر شراکت کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے صدر میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دونوں فریقوں کی طرف سے باہمی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
فرانسیسی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دو طرفہ محاذ پر ہونے والی تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔