اسلام آباد : عدت کے دوران نکاح کے الزام میں عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پرائیویٹ کمپلینٹ فائل کردی گئی ہے۔
سینئر کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کے مطابق اسلام آباد کے شہری محمد حنیف نے کمپلینٹ فائل کی ہے جبکہ عمران خان کے نکاح خواں مفتی سعید اس میں واحد اور مرکزی گواہ ہیں۔ درخواست میں عمران خان، بشریٰ بی بی اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔
اہم خبر ، عدت کے دوران نکاح کا الزام ، عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پرائیویٹ کمپلینٹ فائل ، اسلام آباد کے شہری محمد حنیف نے کمپلینٹ فائل کی سب سے اہم خبر یہ ہے عمران خان کے نکاح خواں مفتی سعید اس میں واحد اور مرکزی گواہ ہیں
— Saqib Bashir (@saqibbashir156) April 4, 2023
قبل ازیں عدت کے دوران نکاح کرنے پر پشاورہائیکورٹ میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے رٹ دائر کردی گئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے دائر دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو سرکاری وعوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا جائے کیونکہ عمران خان صادق و امین نہیں،عمران خان نے دوران عدت بشریٰ بی بی سے شادی کی اوردوران عدت شادی غیرشرعی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان سے متعلق ریحام خان نے بھی اپنی کتاب بھی کئی انکشافات کئے ہیں۔ عمران خان نے جوا میں ملوث ہونے کا اعتراف خود اپنی کتاب کیا ہے،سیاسی مقاصد کیلئے عمران خان نے سائفر کا جھوٹا بیانیہ بھی بنایا۔
درخواست کے مطابق عمران خان بار بار اپنے بیانات پر یوٹرن بھی لیتا رہتا ہے،عمران خان کے جھوٹے بیانیے کی وجہ سے فوج کے وقار کو بھی نقصان پہنچا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران کو نااہل قرار دیا جائے۔کیس میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔