پشاور : عدت کے دوران نکاح کرنے پر پشاورہائیکورٹ میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے رٹ دائر کردی گئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے دائر دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو سرکاری وعوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا جائے کیونکہ عمران خان صادق و امین نہیں،عمران خان نے دوران عدت بشریٰ بی بی سے شادی کی اوردوران عدت شادی غیرشرعی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان سے متعلق ریحام خان نے بھی اپنی کتاب بھی کئی انکشافات کئے ہیں۔ عمران خان نے جوا میں ملوث ہونے کا اعتراف خود اپنی کتاب کیا ہے،سیاسی مقاصد کیلئے عمران خان نے سائفر کا جھوٹا بیانیہ بھی بنایا۔
درخواست کے مطابق عمران خان بار بار اپنے بیانات پر یوٹرن بھی لیتا رہتا ہے،عمران خان کے جھوٹے بیانیے کی وجہ سے فوج کے وقار کو بھی نقصان پہنچا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران کو نااہل قرار دیا جائے۔کیس میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔