وزیراعظم نے اپنی انا کی وجہ سے آئین توڑا: بلاول بھٹو

12:09 PM, 4 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عدم اعتماد کا سلسلہ آئین توڑ کر سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ، وزیراعظم نے اپنی انا کی وجہ سے آئین توڑا ۔

متحدہ قومی اپوزیشن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کل قومی اسمبلی میں آئین کو توڑا گیا ، تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کو ہٹانے کا جمہوری طریقہ تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں ، ہم جمہوریت اور آئین کا تحفظ کرنے والے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں کبھی نہیں چاہیں گی غیر آئینی اقدام ہو ۔ آئین کا دفاع ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم کو اندازہ نہیں ہوا کیا ہے ۔ انہوں نے خود بندوق اٹھا کر اپنی حکومت ختم کرلی ۔ عمران خان اور ان کی حکومت ہماری سیاسی بندوق کی نوک پر تھی ۔ اس معاملے پر فل کورٹ بنچ تشکیل دیا جائے ۔

اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ کل کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ عمران نیازی نے کل سویلین مارشل لا نافذ کیا ، عمران خان اور ان کے حواریوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ۔ انہوں نے کہا کہ 3 نومبر 2007 کو پرویزمشرف نے بھی یہی حرکت کی تھی ۔

شہباز شریف نے کہا کہ کل اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کو آناًفاناً فلور دیا اور انہوں نے لکھا ہوا آرڈر پڑھا ، عمران نیازی کی فسطائی سوچ غالب آئی اور اسپیکر کو استعمال کیا گیا ۔ عمران نیازی نے اسپیکر کو اپنا آلہ کار بنایا ۔

مزیدخبریں