لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ملک میں پیدا آئینی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت آج دوپہر ایک بجے کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیدا شدہ صورتحال کا ازخود نوٹس لیا تھا اور تحریری فیصلے میں لکھا گیا تھا کہ ساتھی ججز نے چیف جسٹس سے رابطہ کر کے ملک میں پیدا شدہ آئینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اتوار کو ہونے والی سماعت سے متعلق جاری کئے گئے حکم نامے میں لکھا کہ ڈپٹی سپیکر نے آرٹیکل 5 استعمال کرتے ہوئے بادی النظر میں نہ تحقیقات کے نتائج حاصل کئے اور نہ متاثرہ فریق کو سنا، عدالت جائزہ لے گی کہ کیا ڈپٹی سپیکر کے اقدام کو آئینی تحفظ حاصل ہے؟
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز یہ ہدایت کردی تھی کہ کوئی ریاستی ادارہ اور اہلکار کسی غیر آئینی اقدام سے گریز کرے جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم کا جاری کردہ کوئی بھی حکم سپریم کورٹ کے حکم سے مشروط ہو گا۔ اس کے علاوہ عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور دفاع کو قیام امن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔
عدالت نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والی صورتحال پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی نوٹس جاری کیا اور حکم دیا کہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے تقرر کا عمل آئینی اور پرامن طریقے سے سرانجام دیا جائے۔