جعلی وزیراعظم کو باہر جانے کی درخواست دینے کا سوچنا بھی گناہ ہے، مریم نواز

07:11 PM, 4 Apr, 2021

لاہور: مریم نواز نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کان کھول کر سن لیں میں کہیں نہیں جا رہی اور کس نے کہا نام ای سی ایل سے نکالیں بلکہ یہ اجازت اپنے پاس ہی رکھیں کیونکہ بہت جلد آپ کو ضرورت پڑنے والی ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نام ایگزٹ کنڑول لسٹ (ای سی ایل لسٹ) میں رکھنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کس نے کہا ہے ان کو کہ وہ میرا نام نکالے۔ اگر یہ مجھے زبردستی باہر بھجوانے کے لئے ڈرامہ رچانا چاہ رہے ہیں تو ایک بار پھر کان کھول کر سن لیں کہ میں کہیں نہیں جا رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جعلی اور ووٹ چور وزیر اعظم جس کو میں مانتی ہی نہیں اس سے کسی قسم کی درخواست کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے۔ حکومت اپنی ای اسی ایل اور اپنی اجازت اپنے پاس ہی رکھیں بلکہ محفوظ رکھیں کیونکہ بہت جلد آپ کو خود اس کی ضرورت پڑنے والی ہے اور آپ کے تو جرائم بھی اصل ہیں۔

مریم نواز نے  کہا کہ ریاستِ مدینہ کے دعویداروں کو شاید یہ بھول گیا ہے کہ یہ اگر اصل میں ریاستِ مدینہ ہوتی تو تم اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچ چکے ہوتے۔ آٹا چوری ، چینی چوری ، گیس چوری ، ووٹ چوری ، عوام پر مہنگائی کے طوفان کو، اپنی نا اہلی اور نا لائقی کوتم جہاد کہتے ہو۔ 

خیال رہے کہ آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے مریم نواز کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے لیکن انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے پوچھا تھا کہ اگر مریم نام نکالنے کی درخواست دیں تو پھر کیا کرنا چاہیے تو انہوں نے جواب دیا کہ سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔

انہوں نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈ ی ایم) ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہو گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن اور مریم نواز شریف کو اللّٰہ پاک صحت دیں لیکن حکومت کو اپوزیشن سے کوئی ڈر نہیں کیونکہ آر ہوا نہ پار ہوا بلکہ اپوزیشن کا کام تمام ہوا۔

مزیدخبریں