لاہور: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی معین علی کے اعتراض پر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز چنائی سپر کنگز نے ان کی شرٹ پر موجود شراب کی کمپنی کا لوگو ہٹا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل فرنچائز چنائی سپر کنگز کی شرٹ پر ’ایس این جے 10000‘ کا لوگو ہے جو چنائی کی ایک شراب بنانے والی کمپنی ہے۔ معین علی نے مسلمان ہونے کی حیثیت سے اس لوگو پر اعتراص کرتے ہوئے کہا کہ اسلام شراب کے استعمال سے منع کرتا ہے اس لئے میری شرٹ پر سے یہ لوگو ہٹایا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرنچائز نے معین علی کے اعتراض کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی شرٹ سے یہ لوگو ہٹا دیا ہے جس نے انہیں رواں سیزن کیلئے سات کروڑ بھارتی روپوں میں خریدا اور یوں معین علی رواں مہینے سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں شراب بنانے والی کمپنی کے لوگو کے بغیر شرٹ پہنے ہوئے نظر آئیں گے۔
قبل ازیں چنائی سپر کنگز کے کوچ مائیکل ہسی نے گزشتہ سال کی برعکس اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ میرے خیال سے اس مرتبہ ہمارا سکواڈ بہت متوازن ہے اور ہر شعبے میں خاصی گہرائی نظر آ رہی ہے، تمام کھلاڑی پرجوش ہیں اور ٹورنامنٹ کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں ۔‘
’شراب بنانے والی کمپنی کے لوگو والی شرٹ نہیں پہن سکتا‘ معین علی نے اعتراض کیا تو چنائی سپرکنگز نے کیا ردعمل دیا؟
06:37 PM, 4 Apr, 2021