پارٹی لیڈرز سے اختلافات، کریم بخش گبول نے رکنیت سے استعفیٰ دیدیا

پارٹی لیڈرز سے اختلافات، کریم بخش گبول نے رکنیت سے استعفیٰ دیدیا
کیپشن: پارٹی لیڈرز سے اختلافات، کریم بخش گبول نے رکنیت سے استعفیٰ دیدیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول پارٹی لیڈرز سے اختلافات کی وجہ سے اپنی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کریم بخش گبول نے اپنا استعفیٰ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو بھجوا دیا ہے۔ اپنے استعفے میں انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حلقہ 242 سے جیت کر قومی اسمبلی کے رکن بننے والے سیف الرحمان میرے حلقہ پی ایس 100 کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔

کریم بخش گبول نے الزام عائد کیا کہ سیف الرحمان نے وفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والے ترقیاتی بجٹ سے پی ایس 100 میں کوئی کام نہیں کروایا۔

انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ سیف الرحمان کے حوالے سے گورنر عمران اسماعیل اور دیگر پارٹی عہدیداروں کو شکایت کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے رکن کریم بخش گبول نے سینیٹ انتخابات میں پیسے دیکر ٹکٹ خریدنے والوں کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ 

اپنے ویڈیو بیان میں کریم بخش گبول کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق ہے اور ہمیشہ رہے گا لیکن  سندھ میں ناانصافیاں ہوئی ہیں اور سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا۔ ہماری حکومت ڈھائی سال میں عوام کیلئے کچھ نا کر سکی اور ہم عوام کو ڈیلیور نہیں کر سکے۔

کریم بخش گبول سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 100 کراچی شرقی 2 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔