لاس اینجلس: مشہور امریکی گلوکار اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ڈی ایم ایکس کو ہارٹ اٹیک کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے، جہاں ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایم ایکس کو منشیات کی زیادتی کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا۔ تاہم ان کے وکیل مرے رچمین کے مطابق یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے اور وہ اس چیز سے لاعلم ہیں۔
خیال رہے کہ ڈی ایم ایکس کا شمار امریکا کے مشہور ہپ ہاپ گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ناصرف انفرادی طور پر گانے گائے بلکہ جے زی، جا رول، ایوو اور ایل ایل کول جے کیساتھ بھی پرفارم کیا۔
پچاس سالہ امریکی گلوکار کا اصل نام ایریل سمسن ہے تاہم وہ میوزک کی دنیا میں ڈی ایم ایکس کے نام سے مشہور ہوئے۔ ہارٹ اٹیک کے فوری بعد انھیں نیویارک کے وائٹ پلینز میں داخل کرایا گیا جہاں وہ اس وقت موت وحیات کشمکش میں ہیں اور ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
ڈی ایم ایکس کے وکیل کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ ان کی حالت تشویشناک ہے، انھیں آئی سی یو میں لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ ان کے دماغ کا صرف کچھ حصہ ہی کام کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ ڈی ایم ایکس کی پوری زندگی متنازع رہی۔ انہوں نے جانوروں پر تشدد، خطرناک ڈرائیونگ اور منشیات کے متعدد مقدمات کا سامنا رہا جس کی وجہ سے انہوں نے کئی سال تک جیل میں گزارے۔
2018ء میں ڈی ایم ایکس اس وقت خبروں میں شہ سرخی بنے جب ایک مقدمے کی سماعت کے دوران انہوں نے جج کو ہی گانا سنانا شروع کر دیا۔ اس حرکت پر جج نے کہا کہ ڈی ایم ایکس تم ایک اچھے انسان ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ڈی ایم ایکس کو ایک سال کی سزا بھگتنا پڑی۔
بشکریہ:نئی بات