نیو یارک: جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل بلیک بیری موبائل فون تیار کر لیا گیا ، رواں سال کے وسط میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے ڈیزائن کے بلیک بیری میں فائیو جی کی سہولت دستیاب ہوگی ، اس کے علاوہ فون میں زیادہ طاقتور بیٹری ، میموری اور بڑی ریم متعارف کرائی جا رہی ہے ۔
کمپنی کے مطابق فون کو اینڈرائیڈ 11 ورژن میں متعارف کروایا جائے گا ، ابتدائی طور پر فون کو شمالی امریکا اور یورپ کی مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا ، اس کی قیمت 800 ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے ۔
فروری کے مہینے میں چلنے والی خبروں کے مطابق نئے فائیو جی بلیک بیری فون میں ٹچ اسکرین کی بجائے فزیکل کی بورڈ دیا جائے گا ، فون میں نیا ہارڈ ویئر اور ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے ، اس نئے ہینڈ سیٹ میں سکیورٹی فیچرز پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ، فی الحال فون کی دستیابی سے متعلق تاریخ کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ، تاہم اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ اسے رواں سال ہی لانچ کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ بلیک بیری کا آخری اسمارٹ فون 2018 میں کی 2 کے نام سے پیش کیا گیا تھا جس میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم اور فزیکل کی بورڈ دیا گیا تھا ۔
جدید دنیا میں زیادہ سے زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے تمام کمپنیاں اپنے اسمارٹ موبائل فونز میں جدت لاتی رہتی ہیں ۔ اس بات کو ذہن میں رکھ کر بلیک بیری نے بھی اپنے اسمارٹ فون میں مزید تبدیلیاں کی ہیں جو صارفین کو مجبور کریں گی کہ وہ اُن کو خریدیں ۔
بشکریہ :نئی بات